
چیٹ جی پی ٹی کے سربراہ نک ٹورلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس پلان کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کو زیادہ سستا اور قابلِ رسائی بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، جس کے بعد کمپنی نے یہ قدم اٹھایا۔
اس پلان کے تحت چیٹ جی پی ٹی گو کو پاکستان، افغانستان، بنگلادیش، بھوٹان، برونائی، کمبوڈیا، لاؤس، ملائیشیا، مالدیپ، میانمار، نیپال، فلپائن، سری لنکا، مشرقی تیمور اور ویتنام میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی گو کا مقصد صارفین کو کمپنی کے نئے جی پی ٹی-5 ماڈل تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔ اس پلان میں چیٹ جی پی ٹی کے مفت ورژن کے تمام فیچرز شامل ہوں گے، تاہم اس کے ساتھ اضافی سہولیات جیسے کہ زیادہ تصاویر بنوانے، فائل اپ لوڈز، ایڈوانسڈ ڈیٹا اینالیسس اور مزید طویل چیٹ لمٹ بھی فراہم کی جائیں گی۔
کمپنی انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی گو صارفین کو زیادہ رفتار اور لچک کے ساتھ اے آئی ٹولز استعمال کرنے کا موقع دے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایس ایم ایس فراڈ سے متعلق گوگل کی صارفین کو وارننگ
پاکستان میں اس نئے پلان کی ماہانہ فیس 1400 روپے (تقریباً 5 امریکی ڈالر) مقرر کی گئی ہے، جو چیٹ جی پی ٹی کے دیگر پریمیم ورژنز کے مقابلے میں خاصی کم ہے۔ اس وقت چیٹ جی پی ٹی پلس کی فیس 5700 روپے، پرو پلان 49,900 روپے اور بزنس پلان 8499 روپے ماہانہ ہے۔
خیال رہے کہ اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی گو کو سب سے پہلے بھارت اور انڈونیشیا میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے مثبت نتائج کے بعد اب اسے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک میں بھی پھیلایا جا رہا ہے۔