ایپل کے فولڈایبل فون کی تصدیق ہو گئی
Apple foldable phone
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): سام سنگ ڈسپلے کے صدر لی چیونگ نے مبینہ طور پر تصدیق کی ہے کہ ان کی کمپنی ایک شمالی امریکی کلائنٹ کے لیے فولڈایبل OLED پینلز کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کرنے جا رہی ہے۔

 اگرچہ چیونگ نے اس کلائنٹ کا نام نہیں لیا لیکن عمومی طور پر خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ آرڈر ایپل کی جانب سے دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل اپنے پہلے فولڈایبل آئی فون کی لانچنگ کے قریب پہنچ چکا ہے کیونکہ اس کے اہم ڈسپلے کمپوننٹس کی پیداوار کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ سام سنگ ڈسپلے پہلے ہی آئی فونز کے لیے OLED اسکرینز فراہم کرتا ہے اس لیے ایپل کے فولڈایبل ڈیوائس کے لیے بھی سب سے موزوں سپلائر یہی ہو سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل کا فولڈایبل آئی فون ایک 5.5 انچ کور ڈسپلے اور 7.8 انچ فولڈنگ انٹرنل اسکرین کے ساتھ آ سکتا ہے۔
مزید یہ کہ اس میں موجودہ Face ID کی جگہ سائیڈ ماونٹڈ Touch ID سینسر استعمال ہونے کا امکان ہے جیسا کہ موجودہ اینڈرائیڈ فولڈایبل فونز میں ہوتا ہے۔

یہ فولڈایبل آئی فون ستمبر 2026 میں ممکنہ طور پر iPhone 18 سیریز کے ساتھ لانچ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل کی حتمی ٹائم لائن میں ابھی بھی تبدیلی ممکن ہے کیونکہ ڈیوائس کی تیاری جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل نے نوجوانوں کیلئے مفت کیریئر اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کردیا

ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ فولڈایبل آئی فون ایک پریمیئم قیمت کے ساتھ آ سکتا ہے،ممکنہ طور پر $2000 سے زائد جو کہ مارکیٹ میں موجود سب سے مہنگے فولڈایبل فونز کے برابر ہوگی۔

خیال رہے کہ یہ خبر اب تک کسی ایپل ذرائع سے کنفرم نہیں ہوئی لیکن سام سنگ ڈسپلے کی طرف سے ملنے والے اشارے ایپل کے فولڈایبل فیوچر کو بہت حد تک واضح کر رہے ہیں۔