ایپل کمپنی کا آئی فون 17 اور نئی واچز کی لانچنگ تاریخ کا اعلان
iPhone 17 launch
فائیل فوٹو
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایپل کمپنی کا 9 ستمبر کو کیلیفورنیا کے ایپل پارک میں بڑا سالانہ ایونٹ منعقد ہوگا جہاں امکان ہے کہ نیا آئی فون 17 اور جدید واچز متعارف کروائی جائے گی۔

ایپل کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس کا سالانہ بڑا پروگرام 9 ستمبر کو کیلیفورنیا میں ایپل پارک کیمپس میں منعقد ہو گا جہاں نئے آئی فون 17 اور جدید ایپل واچز متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری دعوت نامے میں اس تقریب کو (Awe dropping) کا عنوان دیا گیا ہے ۔

ایپل ہر سال ستمبر میں اپنی نئی آئی فون سیریز پیش کرتا ہے جو کمپنی کی سب سے بڑی آمدنی کا ذریعہ بھی ہے۔ ماہرین کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ آیا صارفین نئی ٹیکنالوجی پر سرمایہ لگانے کو تیار ہیں یا نہیں کیونکہ دنیا بھر میں مہنگائی نے خریداروں کی جیب پر بوجھ بڑھا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپل کمپنی کا آئی فون 17 کی لانچ کی تاریخ کا اعلان

آئی فون 17 میں نئی خصوصیات متعارف کرائے جانے کی توقع ہے خاص طور پر مصنوعی ذہانت پر مبنی اپڈیٹس شامل ہو سکتی ہیں ۔ گزشتہ برس کمپنی نے آئی فون 16 کو Built for Apple intelligence قرار دیا تھا اور امکان ہے کہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا تاکہ گوگل سمیت دیگر حریف کمپنیوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔

ایپل نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا تاکہ مقامی چپ سپلائی چین قائم کی جا سکے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام کمپنی کو ممکنہ ٹیکس پالیسیوں سے بچانے میں بھی مدد دے گا۔