
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اُڑان اے آئی ٹیکاتھون 1.0 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکاتھون 1.0 پاکستان میں قومی سطح پر مصنوعی ذہانت مقابلوں کا آغاز ہے، آج کا دن پاکستان کی ڈیجیٹل تاریخ کا سنگ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک مقابلہ نہیں بلکہ تحریک ہے جو نوجوانوں کو اے آئی میں فعال کرے گی، مصنوعی ذہانت مستقبل نہیں، حال ہے، صحت، تعلیم، زراعت، صنعت اور گورننس بدل رہی ہے، آج فیصلے معیشتوں میں نہیں بلکہ الگورتھمز میں ہوتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس دو راستے ہیں یا انقلاب کا حصہ بنے یا دوسروں پر انحصار کرے، ترقی کا راز استحکام، پالیسی تسلسل اور اصلاحات میں ہے، پاکستان اے آئی انقلاب کا تماشائی نہیں، ابھرتا ہوا لیڈر ہوگا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ٹیکاتھون 1.0 نوجوانوں کے ذریعے قومی ترقی کی نئی راہیں کھولے گا، صحت، تعلیم، زراعت اور موسمیاتی تبدیلی میں جدید اے آئی حل لانا حکومت کی ترجیح ہے، مقامی اسٹارٹ اپس، یونیورسٹیز اور ٹیکنالوجی پارکس کو سپورٹ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ خلا میں لانچ
انہوں نے کہا کہ ٹیکاتھون اُڑان پاکستان کے وژن کا مظہر ہے جو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر معیشت کی سمت لے جا رہا ہے، اڑان پاکستان پانچ ستونوں پر مبنی ہے، ٹیکاتھون ای-پاکستان اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے سے جڑا ہے، اے آئی نصاب میں شامل کیا جا رہا ہے، ٹیکاتھون سے قومی صلاحیت کو متحرک کیا جا رہا ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں وہی ولولہ ہے جو دنیا کے ٹیکنالوجی حبز کو طاقت دیتا ہے، اے آئی فصلوں میں بیماری کی پیشگوئی، صحت میں ڈاکٹروں کی معاونت اور تعلیم ہر بچے تک پہنچا سکتا ہے، حکومت قومی اے آئی پالیسی، ٹاسک فورس، فنڈز اور سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی سوچ، آئیڈیا اور وژن پاکستان کا اثاثہ ہیں، نوجوان آگے بڑھیں، تجربہ کریں اور ثابت کریں کہ وہ دنیا میں کسی سے کم نہیں۔