یکم جون سے پرانے موبائل فونز پر واٹس ایپ بند کرنے کا فیصلہ
WhatsApp Discontinued Phones 2025
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) مقبول میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم جون 2025 سے بعض پرانے آئی فونز اور اینڈروئیڈ فونز پر اس کی سروس بند ہو جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی زیرِ ملکیت واٹس ایپ نے اس فیصلے کو صارفین کے بہتر تجربے اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی سالانہ اپڈیٹ سائیکل کا حصہ قرار دیا ہے۔

ذہن نشین رہے کہ ابتدائی طور پر یہ پابندی مئی 2025 سے نافذ کی جانی تھی، تاہم صارفین کی سہولت کے پیش نظر ڈیڈ لائن میں توسیع کرتے ہوئے نئی تاریخ یکم جون مقرر کی گئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ صرف اُن فونز پر واٹس ایپ چلائے گی جن میں جدید آپریٹنگ سسٹم انسٹال ہو تاکہ فیچرز کی مکمل فعالیت اور ڈیٹا سیکیورٹی برقرار رکھی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:چینی کمپنی ہواوے کا ایپل اور مائیکروسافٹ کو چیلنج

یکم جون سے iOS 15 یا اس سے پرانے ورژن والے آئی فونز اور Android 5.0 یا اس سے پرانے ورژن پر چلنے والے اسمارٹ فونز واٹس ایپ کیلئے موزوں نہیں ہوں گے۔ اگر ان فونز پر آپریٹنگ سسٹم اپڈیٹ نہیں کیا گیا تو واٹس ایپ استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔

متاثرہ فونز کی فہرست میں یہ ماڈلز شامل ہیں:

iPhone 5s، iPhone 6، iPhone 6 Plus، iPhone 6s، iPhone 6s Plus، iPhone SE (1st Gen)

Samsung Galaxy S4، Galaxy Note 3، Sony Xperia Z1، LG G2، Huawei Ascend P6

Moto G (1st Gen)، Motorola Razr HD، Moto E 2014

صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے فون کے سافٹ ویئر کو اپڈیٹ کریں۔ اگر آپ کا فون iOS 15.1 یا Android 5.1 یا اس کے بعد کے ورژن کو سپورٹ کرتا ہے تو واٹس ایپ بدستور استعمال کیا جا سکے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام واٹس ایپ کی سروس کو تیز تر، محفوظ اور جدید فیچرز سے مزین بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ڈیوائسز کی اپڈیٹ سیٹنگز کو چیک کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔