
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل کمپنی ہر سال تقریباً 22 کروڑ موبائل فروخت کرتی ہے ، آئی فون کی سب سے زیادہ خریداری امریکا، چین اور یورپ میں ہوتی ہے۔
ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکا میں آئی فون 16 کی کم سے کم قیمت 799 ڈالر یعنی 2 لاکھ 24 ہزار پاکستانی روپے ہے تاہم امریکی تجارتی ٹیرف کےا طلاق کے بعد امریکا میں آئی فون 16 کی کم سے کم قیمت 1142 ڈالر یعنی 3 لاکھ 20 ہزار پاکستانی روپے تک جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پرانا آئی فون دو اور نیا لو، ایپل کی سکیم متعارف
تجارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ایپل کمپنی ٹیرف کا بوجھ صارفین پر ڈالتی ہے تو آئی فون کی قیمتوں میں 43 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے ، امریکا میں سب سے مہنگا ماڈل آئی فون 16 پرو میکس 1599 ڈالر یعنی ساڑھے چار لاکھ پاکستانی روپے کا ہے، اگر اس میں 43 فیصد اضافے کا بوجھ صارفین ڈالا گیا تو اس کی نئی قیمت 2300 ڈالر یعنی ساڑھے 6 لاکھ روپے تک پہنچ جائے گی۔
پاکستان میں ایپل کے ڈسٹری بیوٹر مرکنٹائل کا کہنا ہے کہ ملک میں آئی فون 16 کا سب سے سستا ماڈل تین لاکھ 17 ہزار اور سب سے مہنگا ماڈل آئی فون 16 پرو میکس چھ لاکھ 24 ہزار کا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں آئی فون امریکا کے مقابلے میں پہلے ہی 40 فیصد سے زیادہ مہنگا ہے اور اگر اس حساب سے دیکھا جائے تو امریکا میں آئی فون 16 مہنگا ہونے سے پاکستان میں آئی فون بعض ماڈل کی قیمت 10 لاکھ روپے سے بھی تجاوز کر جائے گی۔



