معروف سوشل میڈیا انفلوئنسرکی پراسرار موت
TikTok influencer Kubra Aykut has tragically died
استنبول:(ویب ڈیسک) معروف ترک سوشل میڈیا انفلوئنسر کبریٰ یاقوت کی اچانک اور پراسرار موت نے مداحوں کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
 
 26 سالہ کبریٰ، جو اپنی منفرد ویڈیوز کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہو چکی تھیں، پیر کے روز استنبول کے ضلع سلطانبیلی میں واقع اپنے لگژری اپارٹمنٹ کی پانچویں منزل سے نیچے گر کر ہلاک ہو گئیں۔
 
ترک میڈیا کے مطابق، کبریٰ یاقوت کی لاش کے ساتھ ایک خودکش نوٹ بھی ملا ہے، جس سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہو سکتا ہے۔
 
 تاہم، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور کسی بھی امکان کو رد نہیں کیا جا رہا۔ کبریٰ کی لاش کو فوری طور پر پوسٹ مارٹم کے لیے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاکہ موت کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
 
کبریٰ یاقوت، جنہوں نے اپنی وائرل ویڈیوز، خصوصاً "دولہے کے بغیر شادی" کی ویڈیوز کے باعث دنیا بھر میں شہرت پائی، سوشل میڈیا پر ایک مقبول شخصیت تھیں۔ 
 
ان کے ٹک ٹاک پر 10 لاکھ سے زیادہ فالوورز جبکہ انسٹاگرام پر 2 لاکھ سے زائد مداح تھے۔
 
 ان کی آخری ویڈیو، جو انہوں نے اپنی موت سے کچھ دیر قبل شیئر کی تھی، میں انہیں اپنے اپارٹمنٹ کی صفائی کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
 
پوسٹ مارٹم کے بعد کبریٰ کی لاش کو ان کے آبائی شہر برسا منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور انہیں والدین، دوستوں اور عزیزوں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔ 
 
ان کی اچانک موت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ مداحوں کو بھی گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
 
کبریٰ کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، بہت سے لوگوں نے انہیں "فرشتہ" اور "خوبصورت دل" کے الفاظ سے یاد کیا۔ ان کی موت کی حقیقت جاننے کے لیے ترک پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور ان کے مداح اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ کیا یہ خودکشی کا واقعہ تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔