حالیہ مالی سال 2023-2024 کے دوران، ان کمپنیوں نے پاکستانی صارفین سے اربوں روپے کمائے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق، گوگل، فیس بک، اور واٹس ایپ نے گزشتہ مالی سال میں مجموعی طور پر 7 ارب 21 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زیادہ کی آمدنی حاصل کی۔ ان میں گوگل نے سب سے زیادہ، یعنی 6 ارب 87 کروڑ روپے سے زائد کمائے، جبکہ فیس بک اور واٹس ایپ نے مشترکہ طور پر 34 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم وصول کی۔
ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق، ان کمپنیوں نے اس آمدنی پر حکومت کو مجموعی طور پر 78 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ گوگل نے سب سے زیادہ، 74 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد کا ٹیکس ادا کیا، جبکہ فیس بک اور واٹس ایپ نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 70 لاکھ روپے کا ٹیکس ادا کیا۔
سوشل میڈیا کے اس نئے دور میں کاروباری ادارے اور کمپنیاں اپنی مصنوعات اور خدمات کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کر رہی ہیں۔ اخبارت اور پمفلٹ جیسے روایتی ذرائع کی بجائے اب یہ کمپنیاں لاکھوں روپے خرچ کرکے گوگل، فیس بک، اور واٹس ایپ پر اشتہارات دیتی ہیں، جس سے ان کمپنیوں کی آمدنی میں اضافہ ہو رہا ہے۔