پی ٹی اے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، 2017 سے پہلے زائد المعیاد شناختی کارڈز پر جاری کی گئی سمز کو بھی بند کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی سمز کی بندش سے بچنے کے لیے اپنے شناختی کارڈز کی تجدید کروا لیں۔
اس آپریشن کے پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور منسوخ شدہ شناختی کارڈز پر جاری کی گئی سمز کو بند کیا گیا تھا۔
پی ٹی اے کے مطابق، 16 اگست سے شروع ہونے والے اس آپریشن کے دوران اب تک 69 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز کو بند کیا جا چکا ہے۔ یہ کارروائی نادرا کے فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔
پی ٹی اے نے مزید بتایا کہ آپریشن کے تیسرے مرحلے میں اُن سمز کو بند کیا جائے گا جو فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔
سمز کی بندش سے پہلے صارفین کو آگاہی پیغامات بھیجے جا رہے ہیں تاکہ وہ ضروری اقدامات کر سکیں۔
غیر قانونی سمز کے خلاف اس کریک ڈاؤن کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ جعلی سمز مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جا رہی ہیں، جن میں دہشت گردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر مجرمانہ سرگرمیاں شامل ہیں۔