ایلون مسک اور بل گیٹس آمنے سامنے
July, 8 2024
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیسلا کے بانی ایلون مسک اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، جس کی وجہ ٹیسلا کے حصص کی خرید و فروخت ہے۔
ایلون مسک نے بل گیٹس کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ٹیسلا کے حصص کی قیمت گرانے کی کوشش کی تو انہیں سخت نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
اس تنازع کا آغاز 2022 ءمیں ہوا تھا جب ایلون مسک نے یہ جانا کہ بل گیٹس نے ٹیسلا کے 500 ملین ڈالر کے حصص فروخت کر دیے تھے، جسے شارٹ سیلنگ کہا جاتا ہے۔
ایلون مسک کا کہنا ہے کہ بل گیٹس نے اس اقدام سے ٹیسلا کے حصص کی قیمت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
اس کے بعد ایلون مسک نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے مہم میں حمایت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
حال ہی میں ایلون مسک نے ایکس (ٹوئٹر) پر بل گیٹس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جب ٹیسلا خودکار ڈرائیونگ کا مسئلہ حل کر لے گا اور اس کے روبوٹس (Optimus) کی پیداوار بہترین سطح تک پہنچ جائے گی، تو جو بھی ٹیسلا کے اسٹاک کی قیمت کم کرنے کی کوشش کرے گا اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، چاہے وہ بل گیٹس ہی کیوں نہ ہوں۔
ایلون مسک کا خواب ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی )ٹیکنالوجی کی مدد سے الیکٹرک گاڑیوں، روبوٹیکسیز اور روبوٹس کو فروخت کرکے ٹیسلا کو 30 ٹریلین ڈالر زمالیت کی کمپنی میں تبدیل کیا جائے۔