دوسرا ٹیسٹ کا پہلا روز، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 121 رنز بنالئے
پاکستان کی جانب سے اذان اویس 47 اور طیب عارف 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، دونوں کھلاڑیوں نے ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ محمد طحہٰ 8 اور کپتان بابر اعظم بھی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ سعود شکیل کے ساتھ ساجد خان کی جگہ کھیلنے والے ثاقب خان 2 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو، جے سوریا اور کمارا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ نے آسٹریلیا میں ون ڈے کرکٹ کا بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا
اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 32 اور سونل دینوشا نے 21 رنز بنائے، جبکہ دیگر بیٹرز پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
پاکستان کی جانب سے رضا اللہ، محمد عباس اور عامر جمال نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی بولرز نے تباہ کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا اور پوری ٹیم کو صرف 98 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ حریف ٹیم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔