پاکستان نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا
لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کا 326 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ون ڈے فائنلز میں سب سے بڑے ہدف کے کامیاب تعاقب کا ریکارڈ برابر کردیا۔
اس سے قبل بھارت نے 2002 میں نیٹ ویسٹ سیریز کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 326 رنز کا ہدف حاصل کرکے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ پاکستان نے اب اس کارنامے کی برابری کرکے اپنا نام بھی ریکارڈ بک میں درج کروا لیا ہے
پاکستان کا یہ کارنامہ مردوں کے ون ڈے ناک آؤٹ مقابلوں میں بھی مشترکہ طور پر سب سے بڑے کامیاب ہدف کے تعاقب کے برابر ہے۔
سری لنکا کے خلاف 326 رنز کا ہدف حاصل کرنا پاکستان کا اس ٹیم کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں دوسرا بڑا کامیاب تعاقب بھی ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے 2023 کے ورلڈ کپ میں حیدرآباد کے مقام پر سری لنکا کے خلاف 345 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔
فائنل میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 656 رنز بنائے، جو ون ڈے فائنلز کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے قبل 2002 کے نیٹ ویسٹ سیریز فائنل میں بھارت اور انگلینڈ نے مجموعی طور پر 651 رنز بنائے تھے۔
یوں پاکستان نے فائنل میں کامیابی کے ساتھ کئی تاریخی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیے۔