فیفاورلڈ کپ: ناروے نے عراق کو 1-4 سے شکست دے دی
اس کامیابی کے ہیرو اسٹار اسٹرائیکر ہالینڈ رہے جنہوں نے اپنے ورلڈ کپ ڈیبیو پر 2 اہم گول اسکور کرکے شائقینِ فٹبال کو خوب محظوظ کیا۔
گروپ آئی کے اس اہم میچ کے پہلے ہاف میں واٹر بریک کے فوراً بعد ڈیوڈ مولر وولفے کے شاندار کراس پر ہالینڈ نے گیند کو جال کی راہ دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
عراق نے ہمت نہ ہاری اور 39ویں منٹ میں ایمن حسین کے زبردست ہیڈر کی بدولت مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔ لیکن یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی کیونکہ چند ہی لمحوں بعد عراقی گول کیپر جلال حسن کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہالینڈ نے اپنا دوسرا گول کر دیا اور ناروے دوبارہ برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
دوسرے ہاف میں ناروے نے کھیل پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا، متبادل کھلاڑی لیو اوسٹیگارڈ نے مارٹن اوڈیگارڈ کے کارنر پر شاندار ہیڈر کے ذریعے تیسرا گول اسکور کیا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں ہالینڈ کی ایک اور خطرناک کوشش عراقی کھلاڑی ایمن حسین سے لگ کر اپنے ہی جال میں جا پہنچی، یوں اسکور 1-4 ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں:یوراگوئے، سعودی اور ایران، نیوزی لینڈ کے میچز ڈرا
میچ کی ایک اور خاص بات عراقی متبادل کھلاڑی زیڈان اقبال کی شرکت تھی، جو مردوں کے ورلڈ کپ میں کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر بن گئےہیں۔