فیفا ورلڈ کپ: امریکا کے ہاتھوں پیراگوائے کو زبردست شکست
لاس اینجلس کے صوفی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں امریکا نے یک طرفہ مقابلے میں پیراگوائے کو بہ آسانی 1 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔
پہلے ہاف کے اختتام پر امریکا کو 3 صفر کی برتری حاصل تھی، امریکا کی جانب سے چوتھا گول گوانی رینا نے میچ کے اختتامی لمحات میں کیا۔
امریکی ٹیم نے موقع کی مناسبت سے بھرپور جوش، توانائی اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اور بے ترتیب و غیر منظم پیراگوائے کی ٹیم پر مکمل برتری قائم رکھی۔ بدقسمتی کے ایک لمحے نے میچ کا رخ بدل دیا جب بوبادیلا نے غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر دیا۔ اس کے بعد بالوگن نے 20 منٹ کے اندر دو گول کر کے جنوبی امریکی ٹیم کی واپسی کی تمام امیدیں ختم کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں: رونالڈو کا پنلٹی سے قبل بسم اللہ پڑھنا سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا
پیراگوائے کو 73 ویں منٹ میں موریسیو کے ذریعے ایک گول کرنے کا موقع ملا، لیکن رینا نے شان دار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خوب صورت گول کیا اور میچ کا اختتام انتہائی دل کش انداز میں کیا۔
اس سے قبل ٹورنٹو اسٹیڈیم میں ہونے والا کینیڈا اور بوسنیا کا میچ دل چسپ مقابلے کے بعد ایک ایک گول سے برابر رہا۔ بوسنیا نے 21 ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی تھی جب یوولوکیچ نے گول کیا، تاہم 78 ویں منٹ میں کینیڈا کے کائل لورین نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
دونوں میچوں سے قبل ایونٹ کی افتتاحی تقریبات بھی ہوئیں۔ لاس اینجلس میں فیفا ورلڈ کپ کی تیسری رنگارنگ افتتاحی تقریب ہوئی، اس سے قبل میکسیکو اور کینیڈا میں بھی افتتاحی تقاریب منعقد ہو چکی ہیں۔