بابر اعظم پی ایس ایل میں 4 ہزاررنز بنانیوالے پہلے کھلاڑی بن گئے
Babar Azam PSL record
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا، 4 ہزار رنز کا سنگِ میل عبور کر کے لیگ کی تاریخ میں پہلے کھلاڑی بن گئے۔

بابر اعظم اس وقت پی ایس ایل کے سب سے کامیاب اور مستقل مزاج بیٹرز میں شمار کیے جاتے ہیں، جنہوں نے اپنی شاندار بیٹنگ کے ذریعے شائقینِ کرکٹ کے دل جیتے، انہوں نے یہ اہم سنگِ میل 105 میچز کھیل کر حاصل کیا، جس میں ان کی کارکردگی نہایت متاثر کن رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق بابر اعظم نے پی ایس ایل میں اب تک 2 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں، جو ان کی تسلسل اور مہارت کا واضح ثبوت ہیں، ان کی بیٹنگ تکنیک اور دباؤ میں کھیلنے کی صلاحیت انہیں دیگر کھلاڑیوں سے منفرد بناتی ہے۔

بابر اعظم نے پی ایس ایل میں تین مختلف فرنچائزز کی نمائندگی کی، جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور پشاور زلمی شامل ہیں، ہر ٹیم کے ساتھ انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھائی اور اپنی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈیز نے نسیم شاہ کے جزوی متبادل کا اعلان کردیا

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے کیریئر کیلئے اہم ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کیلئے بھی فخر کا باعث ہے، شائقین کو امید ہے کہ وہ آئندہ میچز میں بھی اسی طرح بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے اور مزید ریکارڈز اپنے نام کریں گے۔