زلمی نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 159 رنز سے ہرا دیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد بڑے مارجن 159 رنز سے ہرا دیا۔
فوٹو بشکریہ پی ایس ایل سوشل میڈیا
کراچی: (سنو نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد بڑے مارجن 159 رنز سے ہرا دیا۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی ، کنگز کی پوری ٹیم 17ویں اوور کی پہلی گیند پر صرف 87 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے اعظم خان 25 رنز بنا کر نمایاں رہے، سعد بیگ 14 اور خوشدل شاہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

کنگز کے عباس آفریدی اور معین علی 9،9، سلمان علی آغا 5 اور محمد حمزہ 2 رن بنا کر پویلین لوٹے جبکہ محمد وسیم، کپتان ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زمپا بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔

پشاور زلمی کی جانب سے افتخار احمد، ناہید رانا اور سفیان مقیم نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شریف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے کوشال مینڈس نے 52 گیندوں پر 4 چھکوں اور 14 چوکوں کی بدولت 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابراعظم نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 87 رنز سکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

زلمی کے عبدالصمد نے 12 گیندوں پر 40 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی جبکہ مائیکل بریس ویل 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ خوشدل شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔