پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگز مین کا ملتان سلطانز کو 226 رنز کا ہدف
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 226 رنز کا ہدف دے دیا۔
فوٹو بشکریہ پی ایس ایل سوشل میڈیا
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 226 رنز کا ہدف دے دیا۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں حیدر آباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔

حیدرآباد کنگز مین کیجانب سے صائم ایوب اور معاذ صداقت نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 59 رنز کی شراکت قائم کی تاہم صائم ایوب 27 رنز کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

کنگز مین کے معاذ صداقت نے 26 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، کپتان مارنوس لبوشانے 8 رنز ہی بنا سکے ، وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان 25 رنز بنا کر محمد وسیم جونیئر کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے جبکہ سید سعد علی نے 23 رنز کی اننگ کھیلی۔

حیدر آباد کی جانب سے شرجیل خان 51 اور عرفان خان نیازی 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ آسٹن ٹرنر، پیٹر سڈل اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔