ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان نے امریکا کو شکست دیدی
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکا کو شکست دے دی۔
فوٹو بشکریہ پی سی بی
کولمبو: (سنو نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے امریکا کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں امریکا کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف دیا، ہدف کے تعاقب میں امریکا کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 158 رنز ہی بنا سکی۔

امریکا کی جانب سے شبہام رنجانے 51 اور شایان جہانگیر 49 رنز بنا کر نمایاں رہے، ملند کمار 29 اور آندرے گوس 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

امریکی ٹیم کے 4 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ دو کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر ہی چلتے بنے، کپتان موناک پٹیل 3، ہرمیت سنگھ 6 رنز بنا سکے جبکہ سنجے کرشنا اور محمد محسن نے بغیر کوئی رن بنائے پویلین کی راہ لی، شیڈلے وین اور احسان عادل ایک ، ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 3 اور شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین آفریدی، ابرار احمد اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے پہلے کھیلتےہوئے مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنائے، پاکستان کیجانب سے صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 73 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 46 اور شاداب خان نے 30 رنز بنا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ صائم ایوب 19، محمد نواز 5 ، کپتان سلمان علی آغا اور فہیم اشرف ایک، ایک رن ہی بنا سکے، عثمان خان اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے جبکہ شاہین آفریدی 9 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

امریکا کیجانب سے شیڈلی وین نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد محسن ، ہرمیت سنگھ اور سوربھ والکر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔