لیجنڈ ریسلر جان سینا نے ریسلنگ کو الوداع کہہ دیا
John Cena retirement
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈری ریسلر اور 17 مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن جان سینا نے اپنے شاندار ریسلنگ کیریئر کو باضابطہ طور پر الوداع کہہ دیا۔

واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہونے والے سنیچر نائٹس مین ایونٹ میں جان سینا آخری بار رنگ میں اترے، جہاں شائقین کی بڑی تعداد اپنے ہیرو کو الوداع کہنے کیلئے موجود تھی۔

اپنے آخری مقابلے میں جان سینا کا سامنا آسٹریا کے اسٹار ریسلر گنتر سے ہوا، دونوں ریسلرز کے درمیان انتہائی سخت، سنسنی خیز اور برابر کی ٹکر دیکھنے میں آئی، جس نے شائقین کو اپنی نشستوں سے باندھے رکھا۔

مقابلے کے دوران کئی مواقع پر ایسا محسوس ہوا کہ جان سینا فتح کے قریب پہنچ چکے ہیں، تاہم گنتر نے اپنی طاقت اور تکنیک کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل اور سخت سلیپر ہولڈ لگایا، جس کے باعث جان سینا خود کو بچانے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیں:چار بھارتی کرکٹرز معطل، تمام میچز کھیلنے پر پابندی

میچ کے اختتام پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، جب جان سینا نے علامتی طور پر اپنے جوتے، آرم بینڈ اور کلائی بینڈز ریسلنگ رنگ میں رکھ دیے۔ یہ عمل ریسلنگ کی دنیا میں ریٹائرمنٹ کی واضح علامت سمجھا جاتا ہے، جس پر شائقین نے کھڑے ہو کر اپنے ہیرو کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں دو دہائیوں سے زائد عرصے تک راج کیا اور اپنی محنت، کردار اور دلکش شخصیت کے باعث دنیا بھر میں کروڑوں مداح بنائے۔

ان کی ریٹائرمنٹ کو ریسلنگ کی دنیا میں ایک عہد کے اختتام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔