میں زندہ ہوں: معین خان کا انتقال کی افواہوں پر ردِعمل
سابق کپتن معین خان
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے اپنی وفات سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر سخت ردعمل دیا/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے اپنی وفات سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دے دیا۔

معروف وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسی بے بنیاد افواہوں کے پھیلاؤ نے نہ صرف انہیں بلکہ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور چاہنے والوں کو بھی شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر موجود بہت سے افراد بغیر تصدیق کسی بھی خبر کو آگے بڑھا دیتے ہیں جس سے غیر ضروری ہنگامہ اور غلط فہمی پیدا ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کرکٹر معین خان ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرگئے

معین خان نے مزید کہا کہ افواہ پھیلانے والے شخص نے نہایت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ان کے قریبی دوستوں نے فوری طور پر رابطہ کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات کے نتیجے میں ان کے اہل خانہ کو بھی بے حد تشویش لاحق ہوئی، حالانکہ وہ بالکل خیریت سے ہیں۔

سابق کپتان نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ کسی بھی خبر کو آگے بڑھانے سے قبل اس کی مکمل تصدیق ضرور کریں، بالخصوص ایسی خبریں جو کسی کی زندگی، صحت یا شہرت سے متعلق ہوں۔

واضح رہے کہ یہ افواہ اس وقت پھیلی جب حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ سینئر کرکٹر معین خان راجپوت کے انتقال کی خبر سامنے آئی۔ معین خان راجپوت محبوب اسپورٹس کرکٹ کلب کے کپتان تھے اور مقامی کرکٹ میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے۔ تاہم بعض سوشل میڈیا صفحات نے جلد بازی کرتے ہوئے ورلڈ کپ 1992 کی فاتح قومی ٹیم کے رکن معین خان کی تصاویر چلانا شروع کر دیں، جس پر لوگوں میں غلط فہمی پیدا ہوئی۔

سابق کپتان نے اپنے پیغام میں اپنے چاہنے والوں اور دوستوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری طرح صحت مند ہیں اور ایسی بے بنیاد خبروں پر کان نہ دھریں۔ معین خان نے زور دیا کہ ایسے واقعات آئندہ نہ ہوں تاکہ کسی کی ساکھ یا جذبات مجروح نہ ہوں۔