صاحبزادہ فرحان کا ایسا ریکارڈ جو کسی پاکستانی کے پاس نہیں
Sahibzada Farhan 100 sixes
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ایسا ریکارڈ اپنے نام کر لیا جو کسی بھی پاکستانی بلے باز کے پاس نہیں ہے۔

وہ کرکٹ کے کیلنڈر ایئر میں 100 ٹی 20 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں، جو ان کی شاندار فارم اور مستقل مزاج بیٹنگ کا ثبوت ہے۔

فرحان نے یہ سنگ میل سری لنکا کیخلاف جاری ٹرائی سیریز کے اہم میچ میں عبور کیا۔ انہوں نے ہدف کے تعاقب میں ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مثالی امتزاج پیش کرتے ہوئے 45 گیندوں پر 80 ناٹ آؤٹ کی دلکش اننگز کھیلی۔

ان کی اننگز میں 5 چھکے اور متعدد خوبصورت چوکے شامل تھے، جنہوں نے شائقین کو بے حد محظوظ کیا۔ اس اننگز کے ساتھ ہی انہوں نے ایک کیلنڈر ایئر میں پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے اپنی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا بھی خواب رکھتے ہیں۔

فرحان کا کہنا تھا کہ حالیہ میچز میں اسٹرائیک روٹیشن کا مسئلہ تھا جس پر کوچ مائیک ہیسن نے خصوصی توجہ دلائی، کوچ نے کہا کہ باؤنڈری کے بعد سنگل ڈبل ضرور لیا کرو، جس سے بیٹر کی روانی برقرار رہتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم کے سینئر بیٹر فخر زمان ان کیلئے ہمیشہ حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں،اگر کسی چیز میں مشکل ہو تو فخر بھائی کے پاس جاتا ہوں، وہ بہترین مشورہ دیتے ہیں۔

صاحبزادہ فرحان نے مزید کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ کھیلنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے، پی ایس ایل اور ڈومیسٹک کارکردگی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹس میں ٹاپ آرڈر بیٹر کے طور پر کھیل کر خود کو ثابت کیا، یقین تھا کہ ایک دن قومی ٹیم میں بھی ٹاپ آرڈر میں موقع ملے گا۔