پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک بار پھر مدمقابل، تاریخ سامنے آگئی
پاک بھارت میچ
پاک بھارت میچ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا/ فائل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک مرتبہ پھر آئی سی سی ایونٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیمیں مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں 15 فروری کو مدمقابل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی نے اس سال ٹورنامنٹ کے گروپ تشکیل دیتے ہوئے پاکستان کو بھارت، امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا کے ساتھ ایک ہی گروپ میں رکھا ہے، جو کہ ایک متوازن مگر چیلنجنگ گروپ تصور کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کے لیے بھارت کے خلاف میچ نہ صرف پوائنٹس ٹیبل کے لحاظ سے اہم ہو گا بلکہ جذباتی سطح پر بھی اس میچ کی اپنی ہی اہمیت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی طیارہ حادثے پر شاہد آفریدی کا ردعمل آگیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے مکمل شیڈول کا حتمی اعلان 25 نومبر کو ممبئی میں متوقع ہے۔ اس اعلان کے بعد تمام ٹیموں کے میچز کی تاریخوں، وینیوز اور ٹائمنگز کی باضابطہ تفصیلات سامنے آجائیں گی۔ اگرچہ ابھی تک شیڈول فائنل نہیں ہوا، تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق پاکستان کی ٹیم اپنے تمام گروپ میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے گروپ میں شامل دیگر ٹیمیں امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا بھی حیران کن کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، اس لیے پاکستان کو ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔ خاص طور پر بھارت کے خلاف میچ میں فتح پورے گروپ کے ماحول کو پاکستان کے حق میں موڑ سکتی ہے۔