سہ ملکی سیریز: پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
ٹرائی نیشن ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
راولپنڈی: (سنو نیوز) ٹرائی نیشن ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔

پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا۔

میزبان پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

پاکستانی بیٹر صائم ایوب 20، بابر اعظم 16 رنز بنا سکے جبکہ کپتان سلمان علی آغا بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین چلتے بنے، وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ داسن شناکا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے جینتھ لیانیج نے 41 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، کوشال پریرا نے 25، کامل مشارا نے 22، پاتھم نسانکا نے 17 جبکہ وانندو ہاسارنگا نے 11 رنز سکور کیے۔

مہمان ٹیم کے کوشال مینڈس اور کمینڈو مینڈس 3،3 جبکہ کپتان داسن شناکا بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فہیم اشرف اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں میزبان پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے ہرا کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح سمیٹی تھی۔