ٹائی ٹینک کے ایک امیر ترین بزرگ مسافر جوڑے کی ملکیت رہی سونے کی جیب گھڑی نیلامی میں پیش کی گئی، جہاں اس نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔
نیلامی کے دوران اس نایاب گھڑی کی بولی حیران کن حد تک بلند گئی، آخرکار یہ گھڑی 3.61 ملین آسٹریلوی ڈالرز میں فروخت ہوئی، جو ٹائی ٹینک سے متعلق کسی بھی یادگار شے کے بدلے ادا کی جانے والی اب تک کی سب سے بڑی رقم قرار دی جا رہی ہے۔
نیلامی گھر کے مطابق اس گھڑی کی تاریخی اور جذباتی اہمیت نے خریداروں کو اس کی جانب خاص طور پر متوجہ کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گھڑی کا تعلق ٹائی ٹینک کے ایک معمر اور متمول مسافر جوڑے سے تھا، جن کی متعدد اشیاء حادثے کے بعد برآمد کی گئی تھیں۔ یہ گھڑی نہ صرف اپنی قیمتی دھات کی وجہ سے بلکہ ٹائی ٹینک کے دنوں کی یاد دلاتی ایک نایاب نشانی ہونے کے باعث بھی غیر معمولی توجہ کا مرکز بنی۔
اس سے قبل گزشتہ سال ایک اور تاریخی سونے کی گھڑی نے نیلامی کا ریکارڈ بنایا تھا، جو اس کپتان کو دی گئی تھی جس نے ٹائی ٹینک سے 700 سے زائد مسافروں کو بچایا تھا۔ وہ گھڑی 3.16 ملین آسٹریلوی ڈالرز میں فروخت ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق ٹائی ٹینک سے متعلق نایاب اشیاء وقت گزرنے کے ساتھ مزید قیمتی ہوتی جا رہی ہیں، دنیا بھر کے جمع کار ایسی اشیاء کو حاصل کرنے میں بے حد دلچسپی رکھتے ہیں۔