بورڈ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی ٹیموں کی تعداد اب 6 سے بڑھ کر 8 ہو جائے گی، یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے فرنچائزز کی ویلیوایشن اور نئے شہروں میں کرکٹ کے فروغ کیلئے کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ دنوں پرانی فرنچائزز کی ویلیوایشن مکمل کرنے کے بعد دو نئی ٹیموں کیلئے 6 شہروں کے نام تجویز کیے تھے، جن میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق ان میں سے گلگت اور فیصل آباد کے نام فائنل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد یہ دونوں شہر اب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائزز کی نمائندگی کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز 2016 میں پانچ ٹیموں کے ساتھ ہوا تھا، جس کے بعد 2018 میں ملتان کی فرنچائز شامل کی گئی تھی۔ اب پی ایس ایل کے 10 سال مکمل ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ کے فروغ اور لیگ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے دو اضافی ٹیموں کی شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم نے شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا
کرکٹ ماہرین کے مطابق نئی ٹیموں کی شمولیت لیگ میں مقابلے کو مزید دلچسپ اور معیاری بنانے میں مدد دے گی اور پاکستان کے مختلف شہروں میں کرکٹ کے شائقین کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں نئی ٹیموں کی آفیشل لانچنگ اور کھلاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے بھی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ یہ اقدام نہ صرف لیگ کی مقبولیت بڑھانے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔