سہ ملکی سیریز: پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا
سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دے دیا۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
راولپنڈی: (سنو نیوز) سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 148 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کر لیا۔

میزبان پاکستان کی جانب سے فخر زمان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے،عثمان خان نے 37 جبکہ محمد نواز نے 21 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، صائم ایوب 22 صاحبزادہ فرحان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان سلیمان علی آغا ایک رن بنا کر اور بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

زمبابوے کی جانب سے براڈ ایوانس نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رچرڈ نگاراوا، ٹینڈا مابوس اور گریم کریمر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

محمد نواز پلیئر آف دی میچ قرار پائے، انہوں نے 22 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ 12 گیندوں پر 21 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

قبل ازیں پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مہمان ٹیم زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے بریئن بینیٹ اور تاڈی واناشی مرومانی نے اننگ کا آغاز کیا اور 72 رنز کی شراکت قائم کی تاہم مرومانی 30 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر شاہین آفریدی کو باؤنڈری پر کیچ تھما بیٹھے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے بریئن بینیٹ نے 49 رنز کی اننگ کھیلی اور صائم ایوب کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، برینڈن ٹیلر 14، ریان برل 8، ٹونی من یونگا 3، تشنگا مسکیوا اور براڈ ایوانس 2،2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

زمبابوے کے ٹینڈاماپوسا ایک رن ہی بنا سکے جبکہ کپتان سکندر رضا 34 اور رچرڈ نگاراوا ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین آفریدی، سلمان مرزا، صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔