ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ، پاک بھارت کرکٹ بورڈز میں برف پگھلنے لگی
Asia Cup trophy issue
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے پر پاک بھارت کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات میں بہتری کے آثار سامنے آئے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے میں آئی سی سی کے سینئر عہدیدار بھی ملوث ہیں اور امید ہے کہ معاملہ جلد باہمی افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی سی سی یا کسی اور فریق کی جانب سے کوئی سخت اقدام اٹھانے سے پہلے دونوں بورڈز خود مسئلے کا حل نکالنے پر متفق ہیں، دونوں سائیڈز جلد از جلد معاملہ حل کرنے کیلئے تیار ہیں، ہمارا پورا ملک ایشیا کپ ٹرافی کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فاسٹ باؤلر پر بال ٹیمپرنگ کا جرم ثابت

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی کے تعاون سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کے ساتھ الگ ملاقات ہوئی جس میں آئی سی سی کا ایک سینئر عہدیدار بھی موجود تھا۔ ملاقات کے دوران مختلف آپشنز پر غور کیا گیا تاکہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے۔

دیوا جیت سائیکیا نے کہا کہ دونوں بورڈز کے درمیان برف پگھلنے لگی ہے، اگر موجودہ مثبت رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ باہمی رضامندی سے حل ہو جائے گا۔