بابر اعظم پہلے ون ڈے میں کونسے لیجنڈ کرکٹرز کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں؟
Babar Azam records
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کے پاس ایک سنہری موقع ہے کہ وہ کئی عالمی اور ملکی لیجنڈز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کریں۔

فیصل آباد میں آج سے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز ہو رہا ہے۔ ٹیسٹ سیریز برابر اور ٹی 20 سیریز 2-1 سے جیتنے کے بعد گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں۔

شائقینِ کرکٹ کی نظریں ایک بار پھر سٹار بلے باز بابر اعظم پر جم گئی ہیں، جنہوں نے آخری ٹی 20 میچ میں شاندار 68 رنز کی میچ وننگ اننگ کھیل کر شاندار کم بیک کیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق بابر اعظم نے اب تک 134 میچز کی 131 اننگز میں 19 شاندار سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں، اگر وہ پہلے ون ڈے میں سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ پاکستان کے لیجنڈری اوپنر سعید انور کے برابر آ جائیں گے، جنہوں نے 247 میچز کی 244 اننگز میں 20 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ یہ ریکارڈ گزشتہ 22 برسوں سے سعید انور کے نام ہے۔

اس سنچری کے بعد بابر اعظم نہ صرف سعید انور کے برابر ہوں گے بلکہ برائن لارا، مہیلا جے وردھنے اور جو روٹ جیسے عالمی بلے بازوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔

اگر بابر سنچری نہ بنا سکے لیکن 50 سے زائد رنز کی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہے تو یہ ان کی 57 ویں ففٹی پلس اننگ ہوگی، جس کے ساتھ وہ عظیم ویسٹ انڈین بلے باز سر ویوین رچرڈز اور سابق بھارتی اوپنر کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سٹار بلے باز بابر اعظم کا جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر وائرل

اس اننگ کے ساتھ بابر اعظم سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ، نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ، ناتھن ایسٹل اور مارٹن گپٹل جیسے مایہ ناز بلے بازوں کی صف میں شامل ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تینوں ون ڈے میچز فیصل آباد میں ڈے اینڈ نائٹ فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے، جو بالترتیب 4، 6 اور 8 نومبر کو شیڈول ہیں۔

شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ بابر اعظم اس سیریز میں شاندار کارکردگی دکھا کر ایک بار پھر پاکستانی بیٹنگ کی پہچان بنیں گے۔