پاک افریقہ ٹی 20 سیریز، قومی ٹیم کی پنک تھیم کٹ متعارف
پی سی بی نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی خصوصی پنک تھیم کٹ متعارف کرا دی۔
قومی کرکٹرز پنک کٹ زیب تن کیے ہوئے ہیں
لاہور: (ویب ڈیسک) پی سی بی نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی خصوصی پنک تھیم کٹ متعارف کرا دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ساؤتھ افریقا کے خلاف 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں قومی کرکٹرز پنک کٹ پہن کر بریسٹ کینسر آگاہی مہم پنک ٹوبر میں شامل ہوں گے، امپائرز، عملہ اور کمنٹیٹرز بھی پنک ربن پہن کر اس مہم کی حمایت کریں گے۔

میچ کے دوران استعمال ہونے والے سٹمپس پر بھی پنک برانڈنگ کی جائے گی جبکہ میدان کے اطراف اس حوالے سے آگاہی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کسی بین الاقوامی میچ میں بریسٹ کینسر آگاہی مہم کو شامل کیا گیا ہے، اس سے قبل "پنک ڈے" ایونٹس کا انعقاد صرف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے دوران ہی کیا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کی ٹی 20 میں واپسی، ہیڈ کوچ نے وجہ بتا دی

سی ای او پی سی بی سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ ہمیں کرکٹ کی مقبولیت کو معاشرتی آگاہی کیلئے استعمال کرنے پر فخر ہے، بروقت تشخیص سے بے شمار جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔

ذہن نشین رہے کہ سیریز کا دوسرا اور تیسرا ٹی 20 میچ بالترتیب 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ تین ون ڈے میچز کی سیریز 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔