سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالرز کی فہرست جاری
Cristiano Ronaldo Forbes 2025
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ میگزین فوربز نے سال 2025 کیلئے دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالرز کی تازہ فہرست جاری کر دی۔

جاری کردہ فہرست کے مطابق ایک بار پھر کرسٹیانو رونالڈو نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑیوں میں پہلا مقام حاصل کر لیا۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے کلب النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کی سالانہ آمدنی 28 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس نے انہیں ایک بار پھر دنیا کا سب سے مہنگا فٹبالر بنا دیا ہے۔

فہرست میں دوسرے نمبر پر انٹر میامی کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی ہیں جن کی آمدنی 13 کروڑ ڈالر سالانہ بتائی گئی ہے، جبکہ الاتحاد کے فرانسیسی کھلاڑی کریم بینزیما 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سالانہ کما رہے ہیں۔

چوتھے نمبر پر فرانس کے نوجوان اسٹار کائلین ایمباپے ہیں جن کی سالانہ آمدنی 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔ مصر کے نامور کھلاڑی اور لیورپول کلب کے اسٹار محمد صلاح کی آمدنی 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے، جو انہیں فہرست میں پانچویں نمبر پر رکھتی ہے۔

اسپین کے نوجوان فٹبالر لامائن یامال بھی پہلی بار اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں، ان کی آمدنی 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سالانہ بتائی گئی ہے، جو ان کے کیریئر کے آغاز میں ہی ایک بڑی کامیابی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی لیگ میں بڑے کھلاڑیوں کی شمولیت نے عالمی فٹبال کے مالیاتی نقشے کو بدل کر رکھ دیا ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ فٹبال کا نیا مرکز بنتا دکھائی دے رہا ہے۔