
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر ہر جس سنگھ نے ہفتے کے روز پیٹن پارک میں کھیلے گئے 50 اوورز کے گریڈ کرکٹ میچ میں ناقابل یقین اننگ کھیل کر شائقین کرکٹ کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
نوجوان کرکٹر ہر جس سنگھ نے ویسٹرن سبربز کی نمائندگی کرتے ہوئے سڈنی کرکٹ کلب کے باؤلرز کا بھرکس نکال دیا ، انہوں نے 141 گیندوں پر 314 رنز کی اننگ کھیل کرکٹ کی دنیا میں نیا ریکارڈ قائم کردیا، ان کی اننگ میں 35 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔
ہر جس سنگھ کی شاندار اننگز کی بدولت ویسٹرن سبربز نے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 483 رنز بنا کر مخالف ٹیم کو جیت کیے پہاڑ جیسا ہدف دے ڈالا تاہم 484 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سڈنی کرکٹ کلب کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 287 رنز ہی بنا سکی۔
یہ بھی پڑھیں: صائم ایوب ٹی ٹوئنٹی کے نمبرون آل راونڈر بن گئے
ہر جس سنگھ نے ایک روزہ گریڈ کرکٹ میں مجموعی طور پر تیسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، اس سے قبل 1903 میں وکٹر ٹرمپر 335 اور 2007 میں فِل جیکس 321 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ ہر جس سنگھ نے 2024 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی اور ٹاپ سکورر رہے تھے جبکہ ا س سے قبل انہوں نے 2023 میں اپنے ڈیبیو میچ میں آسٹریلیا کی یوتھ ٹیسٹ میں نمائندگی کرتے ہوئے انگلینڈ کیخلاف سنچری اسکور کی تھی۔



