صائم ایوب ٹی ٹوئنٹی کے نمبرون آل راونڈر بن گئے
پاکستان کرکٹ کے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب نے ایک شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمبرون آل راؤنڈر کا اعزاز اپنے نام کر لیا
نوجوان کھلاڑی صائم ایوب نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمبرون آل راؤنڈر کا اعزاز اپنے نام کیا/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کرکٹ کے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب نے ایک شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمبرون آل راؤنڈر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق صائم ایوب نے چار درجہ بہتری کے بعد پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی انہوں نے بھارت کے معروف آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کو پیچھے چھوڑ دیا، جو اس سے قبل اس مقام پر فائز تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے قومی سکواڈ کا اعلان

صائم ایوب کی یہ کامیابی پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ ماہرین کے مطابق ان کی شاندار کارکردگی، بالخصوص بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں مستقل مزاجی نے انہیں یہ مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اہم مواقع پر باؤلنگ میں بھی کارکردگی دکھا کر دنیا بھر کے ماہرین کرکٹ کو متاثر کیا ہے۔

اسی رینکنگ میں بیٹرز کے زمرے میں بھی دلچسپ تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ بھارت کے نوجوان بلے باز ابھیشیک شرما نے 931 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے بیٹرز کی فہرست میں سب سے اوپر جگہ بنائی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے 11 درجے بہتری حاصل کی اور وہ اب 13ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جو ان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

بولرز کی رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 12 درجے ترقی حاصل کی ہے اور اب وہ 13ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ شاہین آفریدی کی شاندار باؤلنگ بالخصوص ابتدائی اوورز میں وکٹیں لینے کی صلاحیت نے انہیں یہ اعزاز دلایا۔