جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے قومی سکواڈ کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کیا/فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

قومی اسکواڈ کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ تین نئے چہروں کو بھی موقع دیا گیا ہے جن میں آصف آفریدی، فیصل اکرم اور روحیل نذیر شامل ہیں۔ ان نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت کو مستقبل کی تیاریوں کے تناظر میں ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اعلان کے مطابق سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ دونوں میچز کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ تماشائی بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔ سیریز کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 30 ستمبر سے 8 اکتوبر تک لاہور میں لگایا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق ایشیا کپ میں شریک کھلاڑی 4 اکتوبر کو اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ ان میں پاکستان ٹیم کے بڑے نام بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں جن کی شمولیت ٹیم کو مزید مضبوط کرے گی۔
قومی اسکواڈ میں دیگر اہم کھلاڑی بھی شامل ہیں جن میں عبداللہ شفیق، امام الحق، سلمان علی آغا، سعود شکیل، عامر جمال، حسن علی، خرم شہزاد، نعمان علی، ساجد خان، کامران غلام اور ابرار احمد شامل ہیں۔ یہ کھلاڑی اپنی کارکردگی کے ذریعے ٹیم میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔