
رپورٹ کے مطابق دبئی میں سید محسن نقوی کی زیر صدارت ایشین کر کٹ کونسل کا اجلاس ہوا جس بھارت کرکٹ بورڈ کے عہدیدار راجیو شکلا نے محسن نقوی سے ٹرافی مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران راجیو شکلا ٹرافی لینے کے لیے محسن نقوی سے مسلسل اصرار کرتے رہے جس پر اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے جواب دیا کہ یہ بات اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے۔
تاہم راجیو شکل کے مسلسل اسرار پر انہیں کہا گیا کہ ایشیا کپ کی اختتامی تقریب کے دوران ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کیلئے سٹیج پر موجود تھے لیکن بھارتی ٹیم نے ٹرافی لینے سے خود انکار کیا۔
ذرائع کے مطابق اے سی سی سربراہ محسن نقوی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار پر واضح کیا کہ بھارتی ٹیم کو اگر ٹرافی چاہیے تو کپتان سوریا کمار یادو اے سی سی صدر کے دفتر میں آ کر مجھ سے وصول کر لیں تاہم اجلاس کے دوران بھارت کو ٹرافی دینے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہو پایا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم کو ٹرافی نہ دینے کا فیصلہ؟
دوران اجلاس بھارتی ٹیم کی جانب سے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہ ملانے اور سوریا کمار یادو کے سیاسی بیانات کی بھی مذمت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران آئندہ ایشیا کپ 2027 میں بنگلہ دیش میں کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہ کرنے پر بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود اپنی ضد پر اڑی رہی اور اسی ہٹ دھرمی کے سبب ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے بھی ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا تھا، تاہم صدر اے سی سی محسن نقوی بھی اپنے فیصلے پر ڈٹے رہے اور بھارتی ٹیم تقریب میں کسی اور سے بھی ٹرافی وصول نہ کرسکی۔