
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے اننگ کا آغاز کیا اور 84 رنز کی شراکت قائم کی تاہم صاحبزادہ فرحان 38 گیندوں پر 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کا دوسرا نقصان صائم ایوب کی صورت میں ہوا جب وہ 10 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کلدیپ یادو کی گیند پر جسپریت بمراہ کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ نئے آنے والے بلے باز محمد حارث بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے فائنل میچ میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز معرکہ آج متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں دونوں روایتی حریف 41 سال میں پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدِمقابل آئے ہیں۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بچ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھ رہا، اس لیے پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف میچ جیتنے والے کھلاڑیوں پر ہی مشتمل ہے۔
پاکستان کا سکواڈ:
بھارت کے خلاف پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پاکستان ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا، فخرزمان ، صائم ایوب صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث شامل ہیں جبکہ حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
بھارت کی ٹیم:
بھارتی ٹیم میں ابھیشیک شرما، شبمن گل، تلک ورما، کپتان سوریا کمار یادیو اور سنجو سیمسن شامل ہیں جبکہ شیوم ڈوبے، رینکو سنگھ ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، ورون چکرا ورتھی اور جسپریت بمراہ بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔



