
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو بھارتی ٹیم کے رویے اور میچ ریفری کے معاملے پر بروقت ایکشن نہ لینے کی وجہ سے معطل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا کہ ٹاس کے موقع ہینڈ شیک نہیں ہوگا، اس سے قبل اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔
میچ کے اختتام پر منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا جس پر اینڈریو رسل نے جواب دیا ہمیں بھارتی بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور پھر کہا یہ اصل میں بھارتی حکومت کی ہدایات ہیں۔
بعدازاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ 2025 کے پاک بھارت میچ میں بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر آئی سی سی اور ایم سی سی کو احتجاجاً خط بھی لکھا جس میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: میچ ریفری کی تبدیلی تک پاکستان کا ایشیا کپ کے بقیہ میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ
آئی سی سی اور ایم سی سی کو لکھے گئے خط میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم سی سی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپرٹ آف دی گیم کو بار بار دہرایا لیکن میچ ریفری نے اپنی ذمہ داریوں کو نہیں نبھایا۔
پی سی بی کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی اور سپرٹ آف دی گیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، میچ ریفری کا کنڈکٹ سپرٹ آف دی گیم اور ایم سی سی قوانین کے منافی ہے، پی سی بی سمجھتا ہے کہ یہ بہت بڑی خلاف ورزی ہے۔
علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پیغام میں کہا کہ میرے لیے پاکستان کی عزت اور وقار سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔