
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی، پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں محض 127 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان ٹیم آغاز اچھا نہ کر سکی اور صرف ایک رن پر پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر بیٹر صائم ایوب بغیر کھاتہ کھولے ہی ہاردک پانڈیا کی گیند پر بمراہ کے ہاتھوں کیچ تھما بیٹھے، پاکستان کا دوسرا نقصان 6 رنز کے مجموعے پر ہوا جب محمد حارث جسپریت بمراہ کی گیند پر پانڈیا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کا تیسرا نقصان فخر زمان کی صورت میں ہوا جب وہ محض 17 رنز بنا کر اکشر پٹیل کی گیند پر تلک ورما کو کیچ دے بیٹھے جبکہ کپتان سلمان علی آغاز بھی ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کر سکے اور محض 3 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔
نئے آنے والے بلے باز حسن نواز بھی کریز پر کچھ دیر کے ہی مہمان ثابت ہوئے اور صرف 7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر کلدیپ یادو کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے جبکہ محمد نواز بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 97 رنز پر گری جب فہیم اشرف 11 رنز بنا کر ورون چکرورتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستان کا نواں نقصان 111 رنز پر ہوا، سفیان مقیم 10 رنز بنا کر بمراہ کا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 16 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 33 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 3، اکشر پٹیل اور جسپریت بمراہ نے 2،2 جبکہ ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اپنے وننگ سکواڈ کے ساتھ ہی میدان میں اتریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے، ہم اس مقابلے کے لیے پرجوش ہیں، دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں ہی ہم نے ٹرائی سیریز جیتی، کنڈیشن سے اچھی طرح واقف ہیں، بڑا ہدف دینے اور بھارتی کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کا سکواڈ:
پاکستان ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، صائم ایوب، فخر زمان ، صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث شامل ہیں، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
بھارت کا سکواڈ:
بھارتی ٹیم سوریا کمار یادو (کپتان)، ابھیشیک شرما، شبمن گل، تلک ورما، سنجو سمن، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، ورون چکرورتھی اور جسپریت بمراہ پر مشتمل ہے۔