پاک بھارت میچ نہیں ہوگا؟ بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا
India Supreme Court Pakistan match
فائل فوٹو
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے پاک بھارت کرکٹ میچ رکوانے کیلئے دائر درخواست مسترد کر دی۔

عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں کوئی ہنگامی نوعیت نہیں، میچ اپنے شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے۔

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو ہونے والے میچ کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ پاک بھارت میچ پر پابندی عائد کی جائے اور اسے غیر آئینی قرار دیا جائے۔

تاہم بھارتی سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک کرکٹ میچ ہے، اسے میچ ہی رہنے دیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اس میں ہنگامی نوعیت کا معاملہ کیا ہے؟ لہٰذا اس وقت ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ میچ اتوار کو شیڈول ہے اور وہ اپنے وقت پر ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:فاسٹ بولر وقاص مقصود کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بھارتی میڈیا کے مطابق اس درخواست نے شائقین کرکٹ کے حلقوں میں ہلچل مچائی تھی، تاہم عدالت کے فیصلے کے بعد شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاک بھارت میچ دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کرکٹ مقابلوں میں شمار ہوتا ہے اور اسے سیاست کی نذر کرنا کھیل کے فروغ کیخلاف ہوگا۔