
37 سالہ وقاص مقصود نے پاکستان کیلئے اپنے مختصر انٹرنیشنل کیریئر میں ایک ٹی 20 میچ کھیلا جس میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 1.5 اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔
فیصل آباد میں پیدا ہونے والے وقاص مقصود پاکستان کیلئے ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے والے 80ویں کھلاڑی تھے۔
انہوں نے نومبر 2018 میں دبئی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کیخلاف اپنے واحد میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ اگرچہ ان کا انٹرنیشنل کیریئر مختصر رہا لیکن ڈومیسٹک سطح پر انہوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔
وقاص مقصود نے 2011 سے 2023 کے دوران 81 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جن میں کئی بار اپنی ٹیم کو کامیابیاں دلائیں۔
اس کے علاوہ وہ 56 لسٹ اے اور 68 ٹی 20 میچز میں بھی حصہ لے چکے ہیں، ان کا شمار ڈومیسٹک کرکٹ کے مستند بولرز میں کیا جاتا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کپتان سلمان علی آغا محمد حارث کے دفاع میں سامنے آگئے
کرکٹ ماہرین کے مطابق وقاص مقصود کی باصلاحیت بولنگ نے انہیں ڈومیسٹک سرکٹ میں نمایاں مقام دلایا، تاہم انٹرنیشنل سطح پر انہیں زیادہ مواقع نہ مل سکے۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد وقاص مقصود نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کا اگلا مرحلہ کرکٹ کے دیگر شعبوں کو دیں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کیلئے دستیاب رہیں گے۔
ان کے اس فیصلے کے بعد شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے خدمات کو سراہا۔



