
ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے صدر محسن نقوی نے اس تقریب کی صدارت کی جبکہ تمام آٹھ شریک ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے دیگر کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کے ساتھ روایتی تصاویر بنوائیں۔
تقریب میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، عمان، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کے کرکٹ رہنماؤں نے شرکت کی جو اس بات کا اشارہ ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ایک زبردست اور سخت مقابلے کی شکل اختیار کرے گا۔
تقریب کے بعد آٹھوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک میڈیا سیشن میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے عزائم کا اظہار کیا اور ایشیا کپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ایشیا کپ 2025 اس بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان، اور میزبان یو اے ای شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، اور ہانگ کانگ کو رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فاسٹ باؤلر عثمان شنواری کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سپر فور مرحلے میں جائیں گی جو 20 ستمبر سے شروع ہوگا جبکہ فائنل میچ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹرافی کی رونمائی اور شیڈول کے اعلان کے بعد اب سب کی نظریں آج رات سے شروع ہونے والے مقابلوں پر ہیں جہاں ایشیا کی بہترین ٹیمیں نہ صرف علاقائی اعزاز کے لیے بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بھی میدان میں اتریں گی۔



