پاکستان جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ سیریز، شائقین کی انٹری مفت
پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ سیریز کے لیے شائقین کو مفت انٹری کی سہولت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ سیریز کے لیے شائقین کو مفت انٹری کی سہولت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ سیریز کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لیں، ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ویمن کرکٹ سیریز کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر محمد جعفر چودھری نے کی۔

اجلاس میں اے ڈی سی فنانس، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی، دوران اجلاس انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، ہیلتھ، لیسکو، سوئی گیس اور دیگر الائیڈ محکموں کو میچز کے دوران ڈیوٹیاں تفویض کردی گئیں۔

شیڈول کے مطابق پاکستان جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ سیریز 12 سے 23 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی، سیریز کے تمام میچز کا انعقاد لاہور میں کیا جائے گا، شائقین کرکٹ کیلئے پاکستان جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ میچز میں انٹری مفت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ون ڈے رینکنگ جاری، بابر اعظم کا کونسا نمبر؟

دوران اجلاس اے ڈی سی ہیڈکوارٹر محمد جعفر چودھری کا کہنا تھا کہ ویمن کرکٹ سیریز پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرے گی، شائقین کرکٹ کو بہترین ماحول کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے ہدایت کی کہ میچز کے دوران صفائی کے بہترین انتظامات کیلئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے، کرکٹ سیریز کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔