
دبئی میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں اختلافات ہیں ایسی خبریں ہم باہر سے سنتے ہیں حقیقت کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم چھوٹی چھوٹی باتیں تو گھروں میں بھی ہو ہی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی باتیں ٹیم سے باہر نہیں جانی چاہئیں، ہر کسی کا سوچنے کا اپنا زاویہ ہے، ہمیں لوگوں کی نظریات کا بھی احترام کرنا چاہیے، بابر اعظم اور محمد رضوان کی ملک اور ٹیم کے لیے بہت خدمات ہیں جو قابل تعریف ہیں۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹرائی نیشن سیریز اور ایشیا کپ کے لیے جو سکواڈ منتخب کیا گیا ہے ہمیں اس کو بھی سپورٹ کرنا چاہیے، ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، سب نوجوان بلا خود کھیلتے ہیں اس سے فائدہ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایشیا کپ سے بہت پہلے یہاں آگئے ہیں، میگا ایونٹ سے قبل ٹرائی سیریز بھی ہے، ایشیا کپ کی تیاری میں بھرپور مدد ملے گی، ٹرائی نیشن کے بعد ایشیا کپ پر فوکس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عرفان پٹھان بغضِ شاہد آفریدی میں بدتمیزی کی تمام حدیں پار کر گئے
یاد رہے کہ ٹرائی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ، ٹیم کی کمان سلمان علی آغا کے ہاتھوں میں ہے جبکہ فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خوشدل شاہ اور حسین طلعت پاکستانی سکواڈ میں شامل ہیں۔
محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث اور لیگ اسپنر ابرار احمد کو بھی ٹیم میں موقع دیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور نوجوان کھلاڑی سفیان مقیم بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان سہ ملکی ٹی 20 سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔
اس سیریز کے فوراً بعد ایشیا کپ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں منعقد ہوگا، جس میں خطے کی تمام بڑی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔



