بھارتی حکومت نے کرکٹ ٹیم کو پاکستان کیخلاف کھیلنے کی اجازت دیدی
 بھارت حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی۔
فائل فوٹو
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی۔

بھارتی وزارت کھیل کی جانب سےجاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں بین الاقوامی مقابلوں میں آمنے سامنے ہو سکتی ہیں تاہم پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کسی صورت نہیں ہو گی۔

ترجمان نے کہا کہ کسی بھی کھیل کی ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی نہ ہی پاکستانی ٹیم بھارت آ کر کسی مقابلے میں حصہ لے گی۔

بھارتی وزارت کھیل کی جانب سے کہا گیا کہ نئی پالیسی کے مطابق بھارت کی ٹیم ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ شیڈول کے مطابق کھیلے گی کیونکہ ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ خطے کی دیگر ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ، بابر اور رضوان کو سکواڈ میں شامل نہ کرنیکی وجہ سامنے آگئی

خیال رہے کہ ایشیا کپ رواں برس 5 سے 21 ستمبر کے درمیان کھیلا جائے گا اور شیڈول کے مطابق دونوں ٹیمیں کم از کم دو مرتبہ 7 اور 14 ستمبر کو ایک دوسرے کے مدِ مقابل آئیں گی۔

واضح رہے کہ بھارت کی میزبانی میں کھیلا جانے والا ایشیا کپ نیوٹرل وینیو متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

ذہن نشین رہے کہ بھارتی ٹیم نے رواں برس چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا جس پر پی سی بی نے سخت ردعمل دیا تھا۔

پی سی بی کے مؤقف کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے ’ہائبرڈ ماڈل‘ کی منظوری دی، نئے ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی 2025 سے 2027 تک تمام ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔