
قومی سلیکٹر و ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید ایشیا کپ کے سکواڈ کے اعلان دوران صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم اور محمد رضوان کیلئے ٹی 20 فارمیٹ کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند نہیں ہوئے، جو کھلاڑی پرفارم کرے گا وہ ٹیم میں واپس آسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں وہی کھیلے گا جو پرفارم کرے گا، ہم نے یہ کبھی نہیں کہا بابر اور رضوان کبھی ٹی 20 سکواڈ میں واپس نہیں آئیں گے،کسی بھی کھلاڑی کی شمولیت پر فل سٹاپ نہیں لگایا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے دیگر کھلاڑی پرفارم کررہے ہیں اگر بابراور رضوان بھی کریں گے تو وہ بالکل ٹی 20 بھی کھیلیں گے، دونوں کے ساتھ ڈسکشن بھی ہوئی اور انہیں گائیڈ لائنز دی ہیں کہ وہ اپنی کچھ چیزوں میں بہتری لائیں۔
خیال رہے کہ آج ایشیا کپ اور ٹرائی نیشن سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا تاہم بابر اعظم اور محمد رضوان کو سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی ٹی 20 سیریز اور ایشیا کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان
قومی ٹیم کے 17 رکنی سکواڈ کی قیادت ایک بار پھر سلمان علی آغا کے سپرد کی گئی ہے جبکہ فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خوشدل شاہ اور حسین طلعت کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث اور لیگ اسپنر ابرار احمد کو بھی ٹیم میں موقع دیا گیا ہے، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور نوجوان کھلاڑی سفیان مقیم بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔
اس سیریز کے فوراً بعد ایشیا کپ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں منعقد ہوگا، جس میں خطے کی تمام بڑی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔