
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر کے اسکولوں کے لیے بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کا مقصد نئی نسل کو تعلیم کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے ۔
پی سی بی کے مطابق اس پروگرام میں 39 اضلاع کے چار سو سے زائد اسکول شمولیت اختیار کریں گے جہاں پہلے مرحلہ میں ٹرائلز کے ذریعے بہترین ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے 60 سے زائد کوچز اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔
ستمبر کے تیسرے ہفتے سے ان اسکولوں کے درمیان 40 اوورز کا ٹورنامنٹ شروع ہوگا جس میں ملک بھر کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ ون ڈے فارمیٹ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کی بہترین 100 ٹیمیں بعد میں ویک اینڈ اسکولز لیگ میں جگہ بنائیں گی جو دو روزہ میچز پر مشتمل ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: سینٹرل کانٹریکٹ: کوئی کھلاڑی اے کیٹیگری میں جگہ نہ بناسکا
پی سی بی کے اعلان کے مطابق ون ڈے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو بیرون ملک دورے کا موقع دیا جائے گا جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انڈر 15 اور انڈر 17 کے قومی ٹورنامنٹس میں شامل کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے بتایا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی فنڈنگ پی سی بی کرے گا اور اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں 168 اسکول گراؤنڈز کو آباد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت بچوں کو تعلیم کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا موقع حاصل ہوگا نیز ملک کو نیا ٹیلنٹ میسر آئے گا۔



