شاہد آفریدی و دیگر کھلاڑی اعلیٰ ترین قومی اعزازات کیلئے نامزد
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفرید ی اور دیگر کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی اعلیٰ قومی اعزازات کے لیے نامزد کردیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفرید ی اور دیگر کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی اعلیٰ قومی اعزازات کے لیے نامزد کردیا گیا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے ہر سال یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سمیت ساتھ کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کیلئے اعلیٰ ترین قومی اعزازت پانے والی فہرست جاری کی جاتی ہے۔

رواں برس قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی، کوہ پیما شہروز کاشف، ملک محمد عطا (مرحوم) گھڑ سوار، سابق ویمن کرکٹر ثنا میر اور ڈسکس تھرو میں حیدر علی کو ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اسی طرح اسکواش میں حمزہ خان، شوٹنگ میں محسن نواز اور ٹینس میں رشید ملک کو تمغہ امتیاز عطا کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے فیلڈ مارشل اور سول و عسکری قیادت کو اعلیٰ اعزازات سے نواز دیا

کراٹے پلیئر شاہ زیب رند اور کبڈی کے کھلاڑی محمد سجاد کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دیا جائے گا، کھلاڑیوں کو یہ اعزازات آئندہ برس 23 مارچ کو منعقد ہونے والی تقریب میں عطا کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے معرکہ حق میں شاندار کارکردگی و جرات کا مظاہرہ کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ہلال جرات جبکہ وفاقی وزراء اور بلاول بھٹو کو نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔