ویسٹ انڈیز نے 34 سال بعد پاکستان سے ون ڈے سیریز جیت لی
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں شکست دے کر 34 سال بعد سیریز جیت لی
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں شکست دی/ فوٹو کرک انفو
(ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں شکست دے کر 34 سال بعد سیریز جیت لی۔

ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 202 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ یہ کامیابی ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے خلاف 34 سال بعد کسی ون ڈے سیریز میں حاصل ہوئی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جہاں ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ کپتان شائی ہوپ نے شاندار 120 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جسٹن گرویوز 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے دی

آخری اوورز میں ہوپ اور جسٹن گریوز نے صرف 8.1 اوورز میں 110 رنز جوڑ کر سکور کو تقریباً 300 تک پہنچا دیا۔ ہوپ 120 رنز ناٹ آؤٹ پر ختم کرنے میں کامیاب رہے، جس میں 10 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی 18ویں ون ڈے سنچری تھی اور اب وہ ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے زیادہ سنچریوں کی فہرست میں برائن لارا اور کرس گیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔

گریوز نے بھی زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے محض 24 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 43 رنز بنائے۔ ایون لوئس نے 37 اور روسٹن چیز نے 36 رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے دو دو وکٹیں لیں، جبکہ محمد نواز اور صائم ایوب کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پانچ پاکستانی بلے باز جن میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد شامل تھے، بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

سلمان علی آغا 30 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے جب کہ محمد نواز 23 اور بابر اعظم نو رنز ہی بنا سکے۔ میزبان ٹیم کے تیز گیند باز جے ڈن سیلز نے ویسٹ انڈیز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرتے ہوئے صرف 18 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔