جے شاہ تنیقد کی زد میں، شائقین نے آڑے ہاتھوں لے لیا
Jay Shah Criticism
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کے لیے اپنی حالیہ پروموشنل ویڈیواپلوڈ کرنے پرسخت تنقید کا سامنا ہے۔

اپلوڈ کی گئی اس 45 سیکنڈ کی ویڈیو کا مرکز کھلاڑی یا میچ نہیں بلکہ چیئرمین آئی سی سی جے شاہ تھے، جسے شائقین اور صحافیوں نے جے شاہ کی ہائی لائٹ رِیل قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ یہ ویڈیو 17 جون کو پوسٹ کی گئی تھی، لیکن اصل میں ایک دن پہلے اپلوڈ کی گئی تھی اور بغیر کسی وضاحت کے ڈیلیٹ کر دی گئی۔ بعد میں دوبارہ پوسٹ کی گئی، جس سے مزید سوالات اٹھے۔

ویڈیو میں کل 23 شاٹس دکھائے گئے، جن میں سے 11 صرف جے شاہ پر مشتمل ہیں۔ اس کے برعکس، جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما صرف 5 بار نظر آئے، ایڈن مارکرم 2 بار، جبکہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور کگیسو ربادا بمشکل ویڈیو میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

اس پرکرکٹ شائقین اور میڈیا شخصیات نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ایک صارف نے نشاندہی کی،اس 45 سیکنڈ کی ویڈیو میں چیئرمین آئی سی سی جے شاہ 11 بار نظر آتے ہیں۔ جبکہ ایک اور صارف نے طنزیہ کہا، کیا جے شاہ نے ورلڈ کپ جیتا تھا؟

ایک سری لنکن صحافی نے مذاق کرتے ہوئے پوچھا، جے شاہ نے فائنل میں کتنے رنز بنائے؟ کتنی وکٹیں لیں؟

بھارتی صحافی کلدیپ لال نے اسے ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے آئی سی سی کی ترجیحات پر سوال اٹھا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:نسیم شاہ کی قومی ٹیم میں شمولیت پر سوال اٹھ گیا

برطانوی صحافی عاطف نواز نے طنز کیا، لگتا ہے جے شاہ نے یہ ویڈیو خود اپنے فون سے بنائی اور ایڈٹ کی۔

ایک آسٹریلوی صحافی نے کہا، اگر آپ نے یہ ویڈیو دیکھتے ہوئے ایک بار بھی آنکھ جھپکی، تو پیٹ کمنز کو مکمل طور پر مس کر دیں گے۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا، شاید لوگ جے شاہ کو دیکھنے آئے تھے اور اچانک کرکٹ شروع ہو گئی۔

اسی طرح ایک اور صارف نے آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، کسی ٹیم کی فتح کا جشن منانے کا بدترین طریقہ یہ ہے کہ آئی سی سی یا بی سی سی آئی کے نمائندے کو بار بار دکھایا جائے۔ یہ پیسے کی طاقت ہے، اور سستی حرکت ہے۔

کسی نے لکھا، لگتا ہے جے شاہ کی پی آر ٹیم نے یہ اکاؤنٹ ہائی جیک کر لیا ہے۔ بھائی، غلط اکاؤنٹ پر پوسٹ کر رہے ہو۔

برطانوی صحافی چارلی رینالڈز نے بھی چوٹ کی، جے شاہ 11 بار ویڈیو میں نظر آئے جتنی بار پوری جنوبی افریقی ٹیم، جس نے دراصل فائنل جیتا۔

صحافی پرل ریڈلی نے بھی تبصرہ کیا کہ ایسا لگتا ہے جیسے جے شاہ مین آف دی میچ ہوں۔ یہاں تک کہ ایڈن مارکرم کو بھی اتنا سکرین ٹائم نہیں ملا۔

یہ ویڈیو، جو جنوبی افریقہ کی تاریخی فتح کا جشن ہونا چاہیے تھی، ایک سنگین پی آر غلطی میں تبدیل ہو گئی ہے۔ ٹرافی جیتنے والے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے بجائے، سارا فوکس ایک ایسے شخص پر رہا جو کبھی میدان میں نہیں اترا۔