
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں شیڈول ہے، تاہم موجودہ سیاسی حالات کے باعث ٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگرچہ ایونٹ کی میزبانی بھارت کے پاس ہی رہے گی، مگر تمام میچز غیر جانبدار مقام یعنی یو اے ای میں کرائے جائیں گے۔ اس سے قبل بھی پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان نے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا عندیہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے ساتھ ساتھ بھارت میں ویمنز ورلڈکپ 2025 اور آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2026 بھی شیڈول ہیں، تاہم ہندوستانی ٹیم کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ بھارت سے دبئی منتقل ہونے کا امکان
ایشیا کپ 2025 اس بار ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جو کہ آئندہ سال ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کی تیاریوں کا حصہ ہوگا۔ ٹورنامنٹ دو ہفتوں پر محیط ہوگا اور اس میں کل 19 میچز کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ محسن نقوی جلد ٹورنامنٹ کے مستقبل سے متعلق باضابطہ اعلان کرنے والے ہیں۔ ساتھ ہی سہ ملکی سیریز کی تجویز بھی زیر غور ہے جس میں پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔