پرتگال نے یوئیفا نیشنز کپ کا ٹائٹل جیت لیا
پرتگال نے نیشنز لیگ 2025 کا فائنل ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اسپین کو 3-5 سے شکست دے کر دوسری بار یہ اعزاز اپنے نام کر لیا
پرتگال نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسپین کو شکست دے کر نیشنز لیگ 2025 کا ٹائٹل جیت لیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پرتگال نے نیشنز لیگ 2025 کا فائنل ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اسپین کو 3-5 سے شکست دے کر دوسری بار یہ اعزاز اپنے نام کر لیا۔

 تفصیلات کے مطابق اسپین نے میچ کے 21 ویں منٹ میں مارٹن زوبیمنڈی کے خوبصورت گول کی مدد سے برتری حاصل کی، مگر پرتگال نے جلد ہی جوابی کارروائی کی۔ پرتگال کی جانب سے نونو مینڈس نے کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار موو پر گیند کو جال کی راہ دکھا کر اسکور برابر کر دیا۔ اسپین نے ایک بار پھر سبقت لی، جب میڈفیلڈر پیڈری کے زبردست پاس پر میکل اویارزابال نے گول کیا، جو پہلے بھی یورپی چیمپئن شپ 2024 کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف فتح دلانے والے گول کے ہیرو رہ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی نوجوان فٹبالرز کیلئے اچھی خبر

پرتگال کے لیجنڈری فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر اپنی کلاس دکھاتے ہوئے 138 واں بین الاقوامی گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔ یہ لمحہ ان کے کیریئر کا ایک اور تاریخی اضافہ ثابت ہوا۔ اگرچہ رونالڈو نے شاندار کھیل پیش کیا، مگر میچ کے آخری لمحات میں وہ زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے، جس پر پرتگالی شائقین کو شدید تشویش لاحق ہوئی۔ دوسری جانب نوجوان ہسپانوی اسٹار لامین یامال سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں، مگر وہ اس بڑے مقابلے میں خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔
اضافی وقت میں دونوں ٹیموں نے بھرپور کوشش کی مگر کوئی گول نہ ہو سکا، جس کے بعد میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ تک جا پہنچا۔ شوٹ آؤٹ میں پرتگال نے غیر معمولی اعتماد کے ساتھ اپنی تمام پانچ پنالٹیز مکمل کیں۔ تجربہ کار مڈفیلڈر روبن نیوس نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کی جبکہ اسپین کے ایلواور موراتا کی پنالٹی چوک ہونے نے پرتگال کی فتح پر مہر لگا دی۔
یہ فتح پرتگال کے لیے ایک تاریخی لمحہ تھی، جہاں ٹیم ورک، تجربہ اور جذبے نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ دوسری جانب اسپین کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ انہوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔